11 اگست ، 2021
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے 10 ستمبر کے بعد کورونا ویکسینیشن کورس مکمل نہ کروانے والوں کو فضائی سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت اور طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد ملک میں ویکسینیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 دن سے کم کر کے 28 دن کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ این سی او سی کی جانب سے 10 ستمبر کے بعد فضائی سفر کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے یعنی 10 ستمبر کے بعد سفر کے لیے ویکسینیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ کارآمد نہیں ہو گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا تھا کہ اندرون ملک ہوائی سفر کے لیے کورونا ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگوانا ضروری ہے۔