Geo News
Geo News

Time 11 اگست ، 2021
پاکستان

یقین ہے اغواکاروں نے بے ہوشی کی دوا دی، افغان سفیر کی بیٹی کا دعویٰ

پاکستان میں مبینہ طور پر اغوا کا الزام لگانے والی افغان سفیر کی بیٹی سلسلہ علی خیل نے بیرون ملک غیر ملکی میڈيا کو انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یقین ہے اغواکاروں نے بے ہوشی کی دوا دی۔

16 جولائی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے سے قبل ہی افغان سفیر اور دیگر سفارتی عملے کو واپس افغانستان بلالیا گیا تھا۔

اب بیرون ملک سے غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں سلسلہ علی خیل نے دعویٰ کیا ہے کہ یقین ہے کہ اغوا کاروں نے مجھے بے ہوشی کی دوا دی کیونکہ میرا سر گھوم رہا تھا اور مجھے ایک کے بجائے دو یا تین انسان نظر آرہے تھے۔

ان کا کہنا تھاکہ ڈاکٹرز بھی پولیس کی طرح سوال کررہے تھے، آرتھو پیڈک سرجن بجائے اس کے کہ میری ہڈیوں کامعائنہ کرتا، وہ پوچھ رہے تھے کہ بتاؤ کیا ہوا؟ ڈاکٹر مجھ سے گھرسے نکلنے کے بارے میں کیوں پوچھ رہا تھا؟

سلسلہ علی خیل کا کہنا تھاکہ پاکستانی حکام سے توقع ہے کہ اس معاملے کی صداقت کے ساتھ تحقیقات کریں اور ملوث افراد کو سزا دلوائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھاکہ افغان سفیر کی بیٹی کے مؤقف اور تحقیقات میں سامنے آنے والی باتوں میں ہم آہنگی نہیں۔