سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے کے مشیر شاہ رخ خان کو برطرف کرنے کا حکم دے دیا

سپریم کورٹ میں اولڈ ریلوے گالف کلب عمل درآمد کیس کی سماعت میں عدالت نے وزیر ریلوے کے مشیر کی تقرری پر اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریلوے کے مشیر شاہ رخ خان کو برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ پبلک آفس میں ایسی تقرریاں نہیں کی جا سکتیں، تقرریوں کے قوانین ہیں پورا طریقہ کار موجود ہے، ایسے کیسے کسی کو بھی لے آئے؟

اُن کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ریلوے صاحب آپ نے اپنے وزیر کو کیا مشورہ نہیں دیا کہ وہ گالف کلب میں ایسے بھرتی نہیں کر سکتے؟ اولڈ گالف کلب میں انتظامیہ کی تقرریاں عدالتی حکم پر ہوئیں، وزیر ریلوے کا مشیر تقرر کرنا عدالتی فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

اس کے علاوہ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا گالف کلب میں تقرری عدالت کے علم میں کیوں نہیں لائی گئی؟ عدالتی حکم کی خلاف ورزی دانستہ طور پر کی گئی ہے، آپ کہہ رہے ہیں وزیر ریلوے کے مشیر بغیر تنخواہ کے کام کریں گے، میرا نہیں خیال کہ پاکستانی حکومت چیریٹی پر چل رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اداروں کی بہتری چاہتے ہیں، انہیں مستقبل میں محفوظ ہاتھوں میں دینا چاہتے ہیں، اولڈ ریلوے گالف کلب میں کسی قسم کی بھرتیاں یا انتظامیہ میں رد و بدل برداشت نہیں کی جائے گی۔

عدالت نے اولڈ ریلوے گالف کلب کا آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :