13 اگست ، 2021
مرحوم پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کی جانب سے الزامات پر ان کے سابقہ شوہر اشتیاق بیگ نے اُنہیں ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
گلوکارہ کی 21 ویں برسی پر نیا پنڈورا باکس کھل گیا تھا اور ان کے بھائی زوہیب حسن نے کہا تھاکہ نازیہ نے لندن میں حلف کے تحت جو بیان ریکارڈ کروایا تھا اس میں نازیہ نے خود لکھوایا کہ ان کے شوہر نے انہیں کچھ کھلایا تھا اور ان کے ساتھ برا سلوک کرتا تھا۔
بھائی کا کہنا تھاکہ نازیہ طلاق لینا چاہتی تھیں۔
زوہیب حسن کے ان الزامات پر اشتیاق بیگ نے اُنہیں ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
زوہیب حسن کو وکیل کے ذریعے بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اشتیاق بیگ پر الزامات لگائے اور ان کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کیے جس سے اشتیاق بیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 7 دن میں معافی مانگيں اور ایک ارب روپے بطور ہرجانہ ادا کریں بصورت دیگر آپ کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔