دنیا
Time 14 اگست ، 2021

پاکستان میں تعینات سابق افغان سفیر کے اشرف غنی پر سنگین الزامات

اختیارات کے غلط استعمال سے اپنے اقتدار کو مزید 5 سال طول دیا: عمر زخیل وال۔ فوٹو: فائل
اختیارات کے غلط استعمال سے اپنے اقتدار کو مزید 5 سال طول دیا: عمر زخیل وال۔ فوٹو: فائل

افغانستان کے سابق وزیرِ خزانہ اور پاکستان میں تعینات سابق سفیر ڈاکٹر عمر زخیل وال نے افغان صدر اشرف غنی پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔

ڈاکٹر عمر زخیل وال نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان صدر اشرف غنی نے 7 سال تک افغانستان کو نجی جاگیر کی طرح چلایا، اختیارات کے غلط استعمال سے اپنے اقتدار کو مزید 5 سال طول دیا۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز تذبذب کا شکار ہیں کہ آیا وہ ریاستی بقا کے لیے لڑ رہی ہیں یا اشرف غنی کے اقتدار کے لیے؟، درجنوں اضلاع اور صوبائی دارالحکومتوں کا بغیر مزاحمت طالبان کے کنٹرول میں جانا اسی تذبذب کو ظاہر کرتا ہے۔

سابق افغان سفیر کا کہنا ہے کہ طالبان کئی بار اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ اشرف غنی کے بغیر امن مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن اشرف غنی اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، طالبان افغانستان کے 34 میں سے 18 صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول حاصل کر چکے ہیں اور مرکزی دارالحکومت کابل سے صرف 50 کلومیٹر کی دوری پر رہ گئے ہیں۔

مزید خبریں :