15 اگست ، 2021
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے چینی کورونا ویکسین سائنو فارم لگوانے والے مسافروں کو ملک میں آنےکی اجازت دے دی۔
دستاویزات کے مطابق یو اے ای حکومت کی ویب سائٹ پر سائنوفارم کو پہلےنمبر پر رکھا گیا ہے، یو اے ای میں داخلے سے قبل مسافروں کو ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات دینا ہوں گی،مسافروں کو ویکسین سرٹیفکیٹ کے ساتھ ویکسین کی تفصیل بھی دیناہوگی۔
یو اے ای حکومت کے مطابق سائنوفارم،فائزر،اسپوتنک اور ایسٹرازینیکاویکسین لگوانے افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا ویکسین لگوانے والوں کو بھی اجازت دی گئی ہے۔
یو اے ای جانے والے مسافروں کو اپنی تفصیلات میں کورونا ویکسینیشن کی پہلی اور دوسری ڈوز کی تفصیل دینا ہوگی،ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پرکیو آرکوڈ نہ ہونے پر دفتر خارجہ سے تصدیقی مہرلگوانا ہوگی۔
حکام کےمطابق یواےای کی میڈیکل کمیٹی مسافروں کی تفصیل جانچنےکے بعد فیصلہ 5دن میں کرےگی اور یو اےای حکومت کی قائم کردہ میڈیکل کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔