Time 15 اگست ، 2021
پاکستان

نور مقدم قتل کیس میں بحالی مرکز کے مالک سمیت 6 افراد گرفتار

اسلام آباد میں قتل ہونے والی نور مقدم کےکیس میں بحالی مرکز (تھراپی سینٹر) کے مالک سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار افراد پر نور مقدم کے قتل کا واقعہ چُھپانےکا الزام ہے، جن میں بحالی مرکز کے مالک سمیت زخمی ملزم امجد بھی شامل ہے، امجد قتل کے وقت ظاہر جعفر کے گھر پہنچا تھا جسے ملزم نے چاقو مارکر زخمی کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پولیس امجدکا گزشتہ ہفتے بیان ریکارڈ کرچکی ہے تاہم شدید زخمی ہونےکی وجہ سے پولیس نے امجد کی گرفتاری کو التواءمیں رکھا تھا۔

 بحالی مرکز کے  مالک اور  زخمی ملازم امجد سمیت 6 افراد کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔

عدالت میں سرکاری وکیل ساجد چیمہ نے ظاہر جعفر کا بیان پڑھ کرسنایا جس میں ظاہر نے اعتراف کیا تھا کہ نور مقدم کے شادی سے انکار پر اسے قتل کیا اور قتل کے بعد والد کو فوری آگاہ کیا۔

جج نے استفسار کیا کہ گواہان کو ملزم بنا کر کیوں پیش کیا گیا؟ یہ اس قتل میں کس طرح ملوث ہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ فارنزک رپورٹ میں آلہ قتل سے ایک اور شخص کے فنگر پرنٹس ملے ہیں، ان سے تفتیش ضروری ہے ۔ 

پولیس کی جانب سے عدالت سے ملزمان کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو کل دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید خبریں :