16 اگست ، 2021
خوف اور مایوسی میں مبتلا افغان شہریوں کی کابل ائیرپورٹ پر امریکی طیارے پر لٹکنے کی کوشش میں 3 افراد جان کی بازی ہارگئے۔
طالبان کی جانب سے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے میں داخلے کے بعد امریکی اور غیر ملکیوں کا انخلا جاری ہے۔ ایسے میں کئی افغان شہری بھی کابل چھوڑنے کیلئے ائیرپورٹ پر موجود ہیں اور کئی طیاروں پر لٹکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 3 افغان شہری امریکی طیارے پر لٹک گئے اور جیسے ہی طیارے نے فضا میں اڑان بھری اور پہیے بند کیے تو اندر موجود 3 شہری نیچے گرگئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تینوں شہری فضا سے نیچے گرکر ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب طیارے سے شہریوں کے گرنے کے مناظر بھی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے اور یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔