16 اگست ، 2021
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل پر توقع سے بہت پہلے طالبان کا قبضہ ہوگیا۔
اپنی ٹوئٹ میں معید یوسف کا کہنا تھاکہ کابل پر توقع سے بہت پہلے قبضے پر بھارت کو سانپ سونگھ گیا اور دلی میں مکمل سناٹا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کے خلاف کسی ملک نے کوئی بیان نہیں دیا جو ہماری کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کابل میں پھنسے تمام ممالک کے شہریوں کو ویزے کی سہولت دے رہے ہیں جبکہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف پاکستان سے افغانستان کو مانیٹر کرنا چاہتا ہے۔
علاوہ ازیں بریفنگ میں معید یوسف کا کہنا تھاکہ پاکستان قانون کے نفاذ اور انسانی حقوق پر عملدرآمد چاہتا ہے، ہم دنیا سے رابطے میں ہیں اور ابھی تک کسی نے پاکستان کو الزام نہیں دیا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ بھارت بھی خاموش ہے اور پاکستان پر کسی نے بات نہیں کی، ابھی قربانی کا بکرا ڈھونڈنے اور بنانے کا کام جاری ہے، پاکستان کسی کی جیت اور شکست پر بات نہیں کرتا۔
خیال رہے کہ طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ افغان صدر اشرف غنی سمیت کئی اعلیٰ عہدیدار بھی ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔