Time 16 اگست ، 2021
دنیا

امریکا نےکابل کا فضائی آپریشن معطل کردیا

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کابل کا فضائی آپریشن معطل کردیا۔

پینٹاگون ترجمان کے مطابق کابل جانے اور آنے والی تمام فوجی اورسویلین پروازیں معطل کردی ہیں۔

ترجمان کے مطابق کابل سےپروازوں کی بحالی کب ہوگی یہ ابھی واضح نہیں ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوجی دستے فی الحال کابل ائیرپورٹ پرسکیورٹی فراہم کر رہےہیں، ائیرپورٹ پر2500 امریکی فوجی ہیں،500 مزید بھیج رہےہیں۔

خیال رہےکہ آج صبح  خوف اور مایوسی میں مبتلا افغان شہریوں کی کابل ائیرپورٹ پر امریکی طیارے پر لٹکنے کی کوشش میں 3 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔

کابل ائیرپورٹ پر افغانستان چھوڑنے کی خواہش رکھنے والے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے امریکی فوجیوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی تھی جس میں 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

افغانستان کی فضائی حدود ہر قسم کی کمرشل پروازوں کیلیے بند

دوسری جانب افغانستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کی بدلتی صورتحال کے باعث نوٹم جاری کر دیا ہے۔

نوٹم کے مطابق کابل کاحامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کمرشل پروازوں کے لیے غیر معینہ مدت تک بند کردیا گیا ہے تاہم کابل کی فضائی حدود صرف فوجی جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔

نوٹم میں کہا گیا ہےکہ کابل کی فضائی حدود ری روٹ ہوکر آنے والی پروازوں کے لیے بھی بند رہےگی۔ 

مزید خبریں :