17 اگست ، 2021
بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے بگ باس او ٹی ٹی (ڈیجیٹل اقساط) پر مشتمل شو میں شامل نہ کیے جانے پر انوکھا احتجاج کیا ہے۔
راکھی ساونت کو منگل کے روز اسپائیڈر مین کے لباس میں بگ باس کے گھر کے باہر دیکھا گیا جہاں انہوں نے بگ باس شو کی ڈیجیٹل اقساط میں شامل نہ کیے جانے پر منفرد انداز میں دھرنا دیا۔
راکھی ساونت نے صرف اسپائیڈر مین کا لباس زیب تن نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے چہرے پر اسپائیڈر مین کا ماسک بھی پینٹ کروایا اور اپنے ساتھ اسی میچنگ کا سوٹ کیس بھی لائیں۔
دھرنے کے دوران راکھی ساونت نے چیختے ہوئے کہا کہ بگ باس مجھے اندر بلاؤ، تم نے مجھ سے وعدہ کیا تھا ۔
اس موقع پر موجود کیمرا مین بھی ان کے اس منفرد دھرنے پر ہنستے رہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس پر کچھ صارفین نے راکھی کا مزاق اُڑایا تو کسی نے ان کی پر اعتمادی کی تعریف کی۔
ویڈیو کے کیپشن میں راکھی ساونت نے لکھا تھا کہ میں ناراض ہوں بگ باس او ٹی ٹی، یہ کیا ہے؟ شو کا نام او ٹی ٹی اور او ٹی ٹی کی شہزادی کو ہی نہیں بلایا، بگ باس میں آپ کی پہلی بیوی ہوں اور میں آرہی ہوں۔
واضح رہے کہ بگ باس او ٹی ٹی 8 اگست سے ناظرین کے لیے بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’ووٹ‘ پر پیش کیا جارہا ہے جس کی میزبانی بالی وڈ کے نامور ہدایتکار کرن جوہر کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ راکھی ساونت بگ باس سیزن 14 میں حصہ لے چکی ہیں۔