18 اگست ، 2021
امریکا نےافغان سینٹرل بینک کے 9.5 ارب ڈالرکےاثاثے منجمد کردیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکومتی اہلکار نے کہا ہے کہ افغان سینٹرل بینک کے امریکا میں موجود اثاثے طالبان تک نہیں پہنچنے دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے افغانستان کو کیش فراہمی بھی روک دی ہے۔
خیال رہے کہ افغان طالبان 20 سال بعد ایک بار پھر کابل پرقابض ہوچکے ہیں اور افغانستان کے بیشتر حصے پر بھی ان کی عملداری قائم ہوچکی ہے۔
اس سے قبل امریکی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے عندیہ دیا تھا کہ طالبان کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد انہیں افغانستان کے مرکزی بینک کے امریکا میں موجود کسی بھی اثاثے تک رسائی نہیں ملےگی۔
دوسری جانب یورپی یونین نے افغانستان کے لیے ترقیاتی امداد معطل کردی ہے تاہم افغان عوام کےلیے انسانی بنیادوں پر امداد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔