کابل پہنچنے والے پی آئی اے کے طیارے کو واپسی میں مشکلات کا سامنا

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ پرواز کے بارے میں کابل سے تفصیلات کا انتظار ہے،فوٹو: فائل
 ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ پرواز کے بارے میں کابل سے تفصیلات کا انتظار ہے،فوٹو: فائل

افغانستان کی فضائی حدودکھلتے ہی  مسافروں کو لانے کے لیے کابل پہنچنے والے قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ  پی آئی اے کے طیارے کو کابل ائیرپورٹ سے پرواز کی اجازت نہیں مل رہی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ  پرواز کے بارے میں کابل سے تفصیلات کا انتظار ہے۔

 خیال رہے کہ پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ آج شام ہی مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے کابل پہنچا ہے۔

2 روز  قبل کابل ایئرپورٹ کو سکیورٹی کی خراب صورتحال کے باعث کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیا گیا تھا، 2 روز بعد آج پی آئی اے کی واحد پروازکابل پہنچی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ طیارے کو کابل بھیجنے کا فیصلہ پی آئی اے انتظامیہ نےکیا تھا،  پی آئی اے کے کابل ائیرپورٹ حکام سے مذاکرات جاری ہیں۔

کابل ائیرپورٹ پر کمرشل فلائٹ آپریشن 20 اگست تک معطل ہے، نوٹم

دوسری جانب انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن نوٹم جاری کر چکی ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر ائیر ٹریفک سروس موجود نہیں ہے، نوٹم کے مطابق فیڈریشن کا آج جاری کیا گیا نوٹم 20 اگست تک کے لیے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹم اور کمرشل فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باوجود پی آئی اے انتظامیہ نے طیارہ کابل بھیج دیا۔

ذرائع کے مطابق کابل ائیر پورٹ سے کمرشل پروازوں کا نائٹ آپریشن نہیں ہوتا اس لیے پی آئی اے کے طیارے کی آج واپسی مشکل ہے، موجودہ صورتحال میں پرواز کابل بھیجنے کا پی آئی اے انتظامیہ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

مزید خبریں :