15 اگست ، 2021
کابل کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئے فلائٹ آپریشن میں اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیر 16 اگست کے روز 3 پروازیں کابل جائیں گی، یہ پروازیں پی آئی اے کے بیڑے کے سب سے بڑے جہاز بوئنگ 777 سے آپریٹ ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 900 کے قریب پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کا کابل سے انخلا کیا جائےگا۔
اس کے علاوہ پی آئی اے نے پاکستانی وزارت خارجہ کے توسط سے مزید خصوصی پروازوں کی اجازت بھی مانگ لی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق انتظامیہ کئی ملکوں کے سفارت خانوں، بین الاقوامی کمپنیوں اور خبر رساں اداروں کی مدد کیلئے ان سے رابطے میں ہے ۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کابل میں پی آئی اے کا عملہ فعال ہے اور بہادری و قومی جذبے سے سرشار ہوکر اپنا کام سرانجام دینے کے علاوہ پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کررہا ہے ۔
اس کے علاوہ پی آئی ترجمان نے تمام پاکستانی شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ پروازوں پر آنے کیلئے فوری طور پر پاکستانی سفارت خانے یا پی آئی اے کے کابل میں موجود عملے سے رابطہ کریں۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز پاکستان کی قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے امریکی فوجیوں کے واپس جانے اور طالبان کی تیز پیش قدمی کے باعث افغانستان میں پھنسے غیر ملکیوں کو نکالنے کے لیے خصوصی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
خصوصی آپریشن کے پہلے مرحلے میں کابل سے 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے غیر ملکیوں کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔