19 اگست ، 2021
مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر کو ہراساں کرنے والے 400 افراد کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے 24 ویڈیو کلپس کاجائزہ لے کر 56 افراد کی تصاویر حاصل کرلی ہیں اور ان کی شناخت کے لیے تصاویر نادرا کو بھجوادی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چار ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں۔ نادرا سے ملنے والی تفصیلات کی روشنی میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں منچلوں نے ایک خاتون سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے۔
14 اگست جشن آزادی کا دن، لوگوں کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک میں جمع، ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اکرام اپنے دو ساتھیوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ وہاں پہنچیں اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں۔
اچانک منچلوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا، کپڑے پھاڑے اور انہیں ہوا میں اچھالتے رہے، خاتون دہائی دیتی رہی جو کسی نے نہ سنی۔
خاتون نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی، اس ہنگامہ آرائی کی ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمے میں سرعام خاتون کو برہنہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل ہیں۔