19 اگست ، 2021
افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے انعقاد پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
افغانستان ٹیم کو سری لنکا میں پاکستان کی میزبانی کرنی ہے لیکن ملک میں فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان کرکٹ بورڈ کو لاجسٹک مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں سری لنکا میں کھیلی جانی ہےلیکن افغانستان کرکٹ بورڈ کمرشل فلائٹ آپریشن مکمل طور پربحال ہونے کا منتظر ہے۔
سیریز کے شیڈول کا اعلان تو تاحال نہیں ہوا البتہ 3ستمبر کو متوقع طور پر شروع ہونے والی اس سیریز کے لیے افغانستان کرکٹ ٹیم نے کابل سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبوکے لیے سفرکرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کی ٹیم اگلے 3 سے 4 روز میں کولمبو کے سفر کی تیاری کررہی ہےالبتہ فلائٹ آپریشن بحال نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان کرکٹ بورڈ کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
دوسری جانب دونوں بورڈ سیریز کے انعقاد کے لیے پر اُمید ہیں ، سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 21 اگست سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم کا اعلان بھی کل کیا جا سکتا ہے۔
تاہم یہ بھی خبریں آرہی ہیں کہ لاجسٹک مسائل کے باعث سیریز کو ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ افغان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے قبضے کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کھیلے جانے کی تصدیق کی تھی۔