20 اگست ، 2021
افغانستان میں پھنسے غیر ملکی مسافروں کو پاکستان لانے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کا کابل فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔
پی آئی اے کے دو خصوصی طیارے غیر ملکی مسافروں کے افغانستان سے انخلا کے لیے کابل پہنچے تھے۔
ذرائع سول ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 6250 کابل سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی ہے، پی آئی اے کا طیارہ غیر ملکی مسافروں کو لے کر وطن واپس آ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے طیارے نے آج دوپہر ایک بج کر 55 منٹ پر کابل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا تھا۔
قبل ازیں ترجمان پی آئی اے عبداللہ اے خان نے ’جیو‘ کو بتایا تھا کہ افغان اتھارٹیز اور کابل ائیرپورٹ انتظامیہ سے بات چیت ہو گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے توقع ظاہر کی تھی کہ یہ دونوں طیارے مسافروں کو لے کر جمعہ کو ہی وطن واپس آجائیں گے۔
واضع رہے کہ مغربی دنیا کے متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو کابل سے نکالنے کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا تھا۔
اقوام متحدہ نے بھی عملے کے 500 سے زائد افراد کو کابل سے نکالنے کے لیے پاکستان سے درخواست کی تھی۔
پاکستان نے افغانستان سے پہنچنے والے غیر ملکیوں کو آن آرائیول ویزہ کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اس خصوصی مشن کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی اب تک 3 پروازیں کابل سے اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔
خیال رہے کہ 15 اگست کو طالبان کابل میں داخل ہوئے تو افغان صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے۔ ساتھ ہی امریکا سمیت دیگر مغربی ممالک کے سفارتکار اور فوجی بھی وطن واپسی کے لیے کابل میں جمع ہیں اور ان کے انخلا کے لیے مختلف ممالک فلائٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔