Time 20 اگست ، 2021
پاکستان

پی آئی اے نے غیر ملکی سفارتکاروں سمیت 390 افراد کو کابل سے بحفاظت نکال لیا

2 پروازیں پاکستانی سفارت خانے کی درخواست پر آپریٹ ہوئیں جن کے ذریعے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کو پاکستان پہنچایا گیا— فوٹو:فائل
2 پروازیں پاکستانی سفارت خانے کی درخواست پر آپریٹ ہوئیں جن کے ذریعے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کو پاکستان پہنچایا گیا— فوٹو:فائل

کابل میں  فلائٹ آپریشن کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان انٹرنیشل ائیر لائنز ( پی آئی اے) نے جمعے کو مزید 2 خصوصی پروازیں اسلام آباد اور کابل کے درمیان آپریٹ کیں۔

 یہ دونوں پروازیں پاکستانی سفارت خانے کی درخواست پر آپریٹ ہوئیں جن کے ذریعے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کو پاکستان پہنچایا گیا۔

 پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او ) ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود پہلی پرواز کے ساتھ اسلام آباد سے کابل پہنچے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود پہلی پرواز کے ساتھ اسلام آباد سے کابل پہنچے — فوٹو:جیو نیوز
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود پہلی پرواز کے ساتھ اسلام آباد سے کابل پہنچے — فوٹو:جیو نیوز

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن افغانستان نے افغان فضائی حدود میں طیارہ داخل ہونے پر ریڈیو پر پی آئی اے کے عملے کو خوش آمدید کہا۔ 

کابل میں ڈائریکٹر جنرل سول ایسی ایشن، ائیر پورٹ آفیشلز اور افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور خان نے ارشد ملک اور عملے کا استقبال کیا۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے کابل ائیرپورٹ پر افغان سول ایوی ایشن اور نیٹو افواج کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔

ائیرمارشل ارشد ملک نےکابل میں پاکستان کے سفیر  منصور احمد خان کے ہمراہ پی آئی اے کے کابل آپریشن کے انتظامی اور آپریشنل امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 

آج دونوں پروازوں کے ذریعے 390 مسافر جن میں غیر ملکی سفارت کار، غیر ملکی صحافی اور ورلڈ بینک کے ملازمین بھی شامل ہیں، پاکستان پہنچے، پی آئی اے اب تک 5 پروازوں کے ذریعے تقریباً ایک ہزار افراد کو کابل سے نکال چکی ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی ہدایات پر مزار شریف اور افغانستان کے دوسرے شہروں سے بھی پروازیں چلانےکا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :