21 اگست ، 2021
لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان) پر دست درازی کی شکار خاتون ٹک ٹاکرعائشہ اکرم کےگھر سکیورٹی تعینات کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق عائشہ کےگھرکے اندر اور باہر 8 پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیاہے اور عائشہ کی مرضی کے بغیرکسی کو ان سے ملنےکی اجازت نہیں ہے ۔
عائشہ کے مطابق اس کے والد اور والدہ ذہنی اذیت سے بیمار ہوگئے ہیں۔عائشہ سے پولیس سمیت مختلف اداروں کی جانب سے پوچھ گچھ کا عمل بھی جاری ہے۔
یاد رہےکہ لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں سیکڑوں افراد نے خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور ہوا میں اچھالتے رہے تھے، واقعے کی فوٹیج وائرل ہونےکے بعد400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہناہےکہ گریٹر اقبال پارک واقعے میں اب تک 66 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
لاہور پولیس کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کے مطابق کیس میں اب تک 300 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی ہے جس میں 100سے زائد افراد کو ابتدائی تفتیش کے لیے تحویل میں لے کر ان کی جیو فینسنگ اور فیس میچنگ کروائی گئی ہے۔
ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاتون اور اس کے دیگر ساتھی ملزمان کی شناخت کریں گے جب کہ مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائےگا۔