Time 23 اگست ، 2021
کھیل

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان نے پہلی اننگز 302 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی

فواد عالم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری اسکور کرلی—فوٹو:فائل
فواد عالم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری اسکور کرلی—فوٹو:فائل 

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز  پاکستان نے اپنی پہلی اننگز  302  رنز  9 کھلاڑی آؤٹ  پر  ڈکلیئر کی جبکہ کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 3 وکٹوں پر 39 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے شاندار سنچری اسکور کی اور  124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے  ،یہ ان کے  ٹیسٹ کیر یئر کی پانچویں سنچری تھی۔

پاکستان نے پہلی اننگز  302 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی جبکہ تیسرے دن کھیل کے اختتام  تک پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ  کرتے ہوئے  ویسٹ انڈیز کے  3 کھلاڑیوں کو  39 رنز پرپویلین کی راہ دکھائی۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ 4 ،کائیرن پوویل 5 اور  روسٹن چیس  10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور فہیم اشرف نےایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے روز بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہ کروائی جاسکی تھی اور تیسرے دن کا کھیل بھی بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا ۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر عابد علی اور  عمران بٹ ایک ایک  رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی کوئی رن نہ بنا سکے اور پویلین چلے گئے ایسے میں کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے ٹیم کو سنبھالا،دونوں نے چوتھی وکٹ پر 158 رنز کی شراکت بنائی۔

کپتان بابر اعظم 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان  31 ،فہیم اشرف 26 اور نعمان علی کوئی رن اسکور کیے بغیر آؤٹ ہوئے لیکن فواد عالم ایک طرف سے کھڑے  رہے اور 124 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی، اس کے علاوہ حسن علی 9 اور شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

ٹیم کا اسکور 302 رنز پہنچا تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کردی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور جیڈن سیلز نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیسن ہولڈر کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

یاد رہے کہ  ٹیسٹ میچ  کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :