15 اکتوبر ، 2012
اسلام آباد…ملالہ یوسف زئی کو علاج کے لیے بیرون ملک بھجوادیا گیا ہے ،پاک فوج کے تر جمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ملالہ یو سف زئی کو بر طانیہ بھیجا گیا ہے جہاں علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں،ملالہ پر علاج کے اخراجات حکومت بر داشت کرے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملالہ کو مکمل صحت یابی کے لیے طویل نگہداشت کی ضرورت ہے،ملالہ کو برطانیہ بھیجنے کا فیصلہ اس کے خاندان کی مشاورت سے کیا گیا۔اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات سے ایئرایمبولینس پاکستان پہنچ چکی ہے ۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیرجمیل احمد خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یو اے ای میں ملالہ کے علاج کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ڈاکٹروں نے اجازت دی توملالہ کودبئی منتقل کیا جائیگا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے ملالہ کی صحت کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ ملالہ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس میں متواتر اور تسلی بخش بہتری آ رہی ہے، وینٹی لیٹر بھی کچھ دیر کے لیے ہٹایا گیا تھا اور ملالہ نے خود سانسیں بھی لی تھیں۔