24 اگست ، 2021
بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے سنگ دِل باپ نے دوستوں کو پارٹی دینے کیلئے اپنی ایک ماہ کی بیٹی کو فروخت کردیا۔
مقامی پولیس کے مطابق بدھرام چتومبا نامی شخص نے اپنے دوستوں سے پارٹی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے پاس شراب کا انتظام کرنے کیلئے رقم نہیں تھی۔
پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم نے قریبی گاؤں کے ایک جوڑے کو اپنی رہائش گاہ پر بلایا اور 30 ہزار روپے کے عوض اپنی 28 دن کی بچی کو انہیں فروخت کردیا۔
بچی کی ماں نے پولیس کو بتایا کہ شوہر نے بچی کو مجھ سے چھین کر جوڑے کو تھما دیا اور تشدد کے ڈر سے میں نے کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی دو بیویاں ہیں، پہلی بیوی سے اس کے 6 اور دوسری بیوی سے 3 بچے ہیں۔
پولیس کاکہنا ہےکہ واقعے کے بعد سے ملزم مفرور ہے جس کی تلاش جاری ہے۔