کھیل
Time 24 اگست ، 2021

احسان مانی کا بطور چیئرمین پی سی بی کام جاری رکھنے کا امکان

احسان مانی کا بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کام جاری رکھنے کا امکان ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر احسان مانی چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے منگل کو بھی ملاقات کی۔

 احسان مانی نے وزیراعظم کو  پی سی بی اوربین الاقوامی اداروں اور اسپانسرز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات پیش کیں۔

ملاقات کے بعد احسان مانی نے بتایا کہ کچھ ایسے معاہدے ہیں جن کوپایہ تکمیل تک پہنچانےمیں ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کو  پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق اور پی ایس ایل فرنچائزز پر بریفنگ دی ہے، اس کے علاوہ آئی سی سی فیوچر ٹورز کی میزبانی، پی سی بی کے میڈیا رائٹس کی ڈیل اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹائٹل اسپانسرشپ سے متعلق بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم نے احسان مانی کو تمام معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا ٹاسک دیا ہے جس کے سبب احسان مانی کے مزید ایک برس تک بطور چیئرمین پی سی بی کام کرتے رہنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان چیئرمین پی سی بی کو تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور سابق کرکٹر و کمنٹیٹر رمیز راجہ نے ملاقات کی تھی جس میں بورڈ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

احسان مانی کی جگہ رمیز راجہ کو عہدہ ملنے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔

مزید خبریں :