24 اگست ، 2021
راولپنڈی کی مقامی عدالت نے پیر ودھائی کے مدرسے میں طالبہ سے زیادتی کے ملزم سے تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی کی سیشن کورٹ نے پیر ودھائی میں مدرسے کی طالبہ سےمبینہ زیادتی اور تشدد کے کیس میں تفتیشی افسر کو ملزم سے تفتیش سے روک دیا۔
عدالت نے ملزم مفتی شاہ نواز کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے ملزم مفتی شاہ نوازکی عبوری ضمانت بھی منظور کرلی۔
عدالت نے قرار دیاکہ یہ ایک سنگین جرم ہے جس کی تفتیش صرف جے آئی ٹی کرسکتی ہے۔
دوسری جانب تفتیشی ٹیم کا کہنا ہےکہ ملزم کی گرفتاری کی درخواست مسترد نہیں ہوئی عدالت نے صرف نمٹائی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبہ سے زیادتی کے مرکزی ملزم مفتی شاہ نواز نے ضلعی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے 30 اگست تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔
تاہم بعد میں پولیس نے ملزم کو اپنی گرفتاری سے بچنےکیلئے مزاحمت کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔