24 اگست ، 2021
افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد ہزاروں افغان شہری ملک چھوڑ چکے ہیں۔
15 اگست کو طالبان نے کابل کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جس کے بعد ملک سے جانے کے خواہشمند ہزاروں افغان شہری حامد کرزئی ائیرپورٹ پر پہنچ گئے تھے۔
امریکا اور اتحادی ممالک اپنے شہریوں کے ساتھ ساتھ ان کیلئے کام کرنے والے افغان شہریوں اور ان کے خاندانوں کو بھی ملک سے منتقل کررہے ہیں اور اب تک کئی ہزار افراد ملک چھوڑ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ اب بھی ہزاروں افراد کابل ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔
امریکا اور اتحادی ممالک افغان شہریوں کو خلیجی ممالک منتقل کررہے ہیں اور اب افغان شہریوں کیلئے قائم ایک سینٹر کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
افغانستان کے مقامی ٹی وی چینل طلوع نیوز کے صحافی عبدالحق عمری کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ملک چھوڑنے والے افغان شہریوں کیلئے قائم ایک سینٹر دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو قطر میں قائم ایک سینٹر کی ہے جس کے ہال میں ہزاروں افغان شہری موجود ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین، مرد اور بچوں سمیت ہزاروں شہری زمین پر پڑے ہیں جبکہ ایک افغان شہری بھی سہولیات نہ ہونے کی شکایت کررہا ہے۔
اس سینٹر میں ہزاروں مرد اور خواتین کیلئے ایک واش روم ہے اور دیگر سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں قائم ایسے ہی سینٹر کی تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بڑے ہال میں سیکڑوں مرد اور خواتین موجود ہیں۔