کھیل
Time 24 اگست ، 2021

بھارت سے میچ کا پریشر نہیں ہوتا یہ کہنا جھوٹ ہے، شاداب خان

قوم کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ بھارت سے میچ کا پریشر نہیں ہوتا،ایسا کہنا جھوٹ ہے —فوٹو:فائل
قوم کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ بھارت سے میچ کا پریشر نہیں ہوتا،ایسا کہنا جھوٹ ہے —فوٹو:فائل

 قوم کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ بھارت سے میچ کا پریشر نہیں ہوتا ایسا کہنا جھوٹ ہے۔

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے  کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ابھی بہت دور ہے اور دور کا سوچ نہیں رہے  لیکن یہ ضرور ہے کہ اس میچ کا پریشر ہوتا ہے ، اگر کوئی کھلاڑی یہ کہتا ہے کہ پریشر نہیں ہوتا تو یہ جھوٹ ہو گا۔

ان کاکہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کا اضافی دباؤ ہوتا ہے، جو ٹیم اعصاب پر قابو رکھتی ہے اس کو مدد ملتی ہے ، ابھی میچ چونکہ دور ہے  اس لیے میچ کے بارے میں سوچنے کی بجائے ہم اپنی اسکلز پر کام کر رہے ہیں تاکہ ہم میچ میں اچھا کریں۔

پاکستان وائٹ بال کرکٹرز کا پری سیزن کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے ، کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے شاداب خان نے کہا کہ ہمارا اس وقت مقصد آ ئی سی سی ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ کے لیے تیاری کرنا ہے ، ہمیں صرف ورلڈ کپ کھیلنا ہی نہیں بلکہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم  کرنا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں یواے ای کی کنڈیشنز سے مدد مل سکتی ہے کیونکہ ہم وہاں کھیلتے رہے ہیں، کھلاڑیوں کی پرفارمنسز بھی اچھی رہی ہیں ، ہمیں کیونکہ وہاں خاصا آئیڈیا ہے اس لیے کوشش ہو گی کہ وہاں اچھا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں ہم اپنی اسکلز کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں تاکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھاکھیلیں ۔

شاداب کا مز ید کہنا تھا کہ  سخت موسم میں تمام کھلاڑی بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں پری سیزن کیمپ کا فائدہ ہو رہا ہے۔

  واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز عمان اور متحدہ عرب امارات میں رواں سال  17 اکتوبر سے ہوگا جب کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت 24 اکتوبر کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔

مزید خبریں :