سام سنگ کے پاس دور بیٹھ کر اپنے اسمارٹ ٹی وی ناکارہ کرنے کی صلاحیت موجود

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سیول : سام سنگ نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے پاس اپنے اسمارٹ ٹیلی ویژن سیٹوں کو دور سے بیٹھ کر ناکارہ کرنے کی صلاحیت موجود ہےتاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ انٹرنیٹ سے منسلک ہوں۔

جنوبی کورین ٹیکنالوجی کمپنی نے یہ انکشاف  اس وقت کیا ہے جب حال ہی میں جنوبی افریقا کے ایک گودام سے سام سنگ کے متعدد ٹی وی سیٹ چوری ہوئے ہیں۔

'ٹیلی ویژن بلاک فنکشن' فیچر ، سام سنگ کے تمام اسمارٹ ٹی وی سیٹوں میں پہلے سے انسٹال ہے جس کے ذریعے کمپنی غیرقانونی طریقے سے حاصل کیے گئے ٹی وی کو ناکارہ بنا سکتی ہے ۔

ایک بیان میں ، کمپنی نے کہا کہ سام سنگ 11 جولائی 2021 سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران اپنے گودام سے لوٹے گئے تمام ٹی وی بلاک کردے گا جس سے وہ چوروں کے لیے قابل استعمال نہیں رہیں گے۔

کمپنی کے مطابق ٹی وی بلاک ایک ایسا حفاظتی فیچر ہے جو پتہ لگاتا ہے کہ آیا ٹی وی یونٹس غیر قانونی طریقے سے 'آن' تو نہیں کیے گئے ہیں جب کہ یہ ٹیکنالوجی پہلے ہی تمام سام سنگ ٹی وی مصنوعات میں موجود ہے۔

سام سنگ نے چوری شدہ سیٹوں کے ڈیٹا بیس میں ایک سیریل نمبر شامل کیا اور ایک بار جب یہ سیریل نمبر آن لائن ہوتا ہے تو ٹی وی مکمل طور پر غیر فعال ہو جائے گا۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد چوری کو روکنا اور ثانوی مارکیٹ میں فروخت کی حوصلہ شکنی کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ٹی وی صرف ان کے صحیح مالک ہی استعمال کرسکیں ۔

مزید خبریں :