Time 26 اگست ، 2021
کھیل

وزیراعظم نے رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دیدی

وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے چیئرمین پی سی بی نامزد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، مجھے عوام کی سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔

ایک غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میں نے پی سی بی چیئرمین کا عہدہ قبول کرلیا ہے، بہتری کا حصول میرا ہدف ہے۔

بورڈ آف گورنرز سے منتخب ہوکر پریس کانفرنس کروں گا، رمیز راجہ

نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے میرے پاس کئی منصوبے ہیں ، بورڈ آف گورنرز سے منتخب ہوکر پریس کانفرنس کروں گا۔

رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے چیئرمین پی سی بی بنانے کا بتایا گیا ہے، ابھی نہیں بتا سکتا کہ گورننگ بورڈ میں وزیر اعظم کا دوسرا رکن کون ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد علی خان کو بھی  پی سی بی بورڈ آف گورنرز کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

رمیز راجہ نے 1984 سے 1997 تک پاکستان کی نمائندگی کی، وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور  پی سی بی کے چیف ایگزيکٹو بھی رہے ہیں۔ 

احسان مانی کا مزید کام کرنے سے انکار

پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین احسان مانی کے حوالے سے یہ خبریں تھیں کہ انہیں کام جاری رکھنے کی اجازت مل گئی ہے تاہم اب احسان مانی نے خود ہی مزید کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں احسان مانی نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے بطور چیئرمین پی سی بی مزید کام کرنے سے معذرت کر لی ہے۔

مزید خبریں :