کوویکس کے تحت امریکا سے فائزر ویکسین کی37 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

کوویکس پروگرام کے تحت امریکاسے فائزرویکسین کی 37 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔

امریکانے پاکستان کوفائزر ویکسین کی مزید 37 لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں، جس کے بعد امریکا پاکستان کو بیرون ممالک میں تسلیم کی جانے والی ویکسین عطیہ کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔

امریکی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر کا کہنا ہےکہ  پاکستان کو ویکسین فراہم کرنے پر انتہائی خوشی ہے، ویکسین لگوا کر آپ خود کو اور اپنے پیاروں کو بچا سکتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکا نے فائزر ویکسین کی 37 لاکھ خوراکیں پاکستانی عوام کے لیے عطیہ کی ہیں، ویکسین کی یہ خوراکیں گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے عطیہ کی جانے والی موڈرنا ویکسین کی55 لاکھ خوراکوں کے علاوہ ہیں، ابھی تک امریکا کی جانب سے 90 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو عطیہ کی جا چکی ہیں ۔

امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں کورونا کے خاتمے کے لیے پہلے سے زیادہ ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے، موذی وباؤں سے پاک اور محفوظ دنیا کی تعمیر کے لیے مل کرکوششیں کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بار ہا کہہ چکے ہیں کہ کورونا کی عالمی وبا سے اکیلے کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا ،ہمیں اپنی کوششیں، مہارتیں اور وسائل کو یکجا کرنا ہو گا ،تباہ کن کورونا وبا سے بچاؤ میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ کوویکس کورونا ویکسین کو پوری دنیا کے درمیانے اور کم آمدنی والے ممالک میں منصفانہ طور پر پہنچانے کے لیے عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کا خصوصی پروگرام ہے۔

مزید خبریں :