Time 28 اگست ، 2021
دنیا

کابل ائیرپورٹ پر دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 170 ہوگئی

کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 170  ہوگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکوں میں200سے زائد  افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں میں 13امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کابل ائیر پورٹ دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش خراسان نے قبول کرلی ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئےکہا ہےکہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔

امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ داعش سے کابل حملے کا بدلہ لیں گے ، داعش اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ کے شواہد نہیں ملے۔

دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا: ترجمان طالبان۔ فوٹو: سوشل میڈیا
دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا: ترجمان طالبان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نےکہا ہےکہ گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر حملہ دو نہیں ایک خودکش بمبار نے کیا ، ابھی اس بات کا یقین نہیں کہ ائیرپورٹ کے قریب دوسرا دھماکا بھی ہوا۔

یاد رہے کہ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے جمعرات کو ہی دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو کابل ائیرپورٹ کے قریب جانے سے منع کیا تھا۔

مزید خبریں :