پاکستان
15 اکتوبر ، 2012

پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے کوئی سندھ تقسیم نہیں کرسکتا، یوسف رضا گیلانی

پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے کوئی سندھ تقسیم نہیں کرسکتا، یوسف رضا گیلانی

حیدر آباد … سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ میں نے کہا تھا کہ صدر زرداری کو استثناء حاصل ہے اور یہ آج عدالت نے ثابت کردیا، اگر میری قربانی سے ادارے مضبوط ہوئے تو اچھا ہے، پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے کوئی سندھ کو تقسیم نہیں کرسکتا، علی بابا نیک آدمی تھا، اس نے 40 چوروں کو بھگایا، علی بابا چالیس چور کہنے والوں کو پتا ہی نہیں ہے کہ یہ تھا کیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام میں سندھ کی تقسیم سے متعلق کوئی بات نہیں، پیپلز پارٹی قربانیاں دے کر یہاں پہنچی ہے، کچھ دنوں بعد قوم پرست کوئی نئی بات لے کر آجائیں گے۔ حیدر آباد میں بلدیاتی نظام سے متعلق پیپلزپارٹی نے جلسے کا اہتمام کیا جس میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا اور نئے بلدیاتی نظام کی حمایت اور پارٹی قیادت پر اعتماد کی قرار دادیں منظور کی گئیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں، جمہوریت کے علاوہ کوئی نظام نہیں چاہتے، ہم عوام کو حقوق دے کر انہیں طاقتور بنا رہے ہیں، اگر یہ حقوق پہلے دیئے جاتے تو مشرقی پاکستان الگ نہ ہوتا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تو آصف زرداری نے وفاق کا نعرہ لگایا، محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت وفاق ٹوٹنے کا خطرہ تھا، صدر آصف زرداری نے وفاق ٹوٹنے سے بچایا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آئین میں 104 ترامیم متفقہ طور پر کیں، صدر آصف زرداری پر الزامات لگائے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ علی بابا نیک آدمی تھا، اس نے 40 چوروں کو پکڑا تھا، علی بابا 40 چور کہنے والوں کو پتا ہی نہیں ہے کہ یہ تھا کیا، حمزہ شہباز شریف کو سمجھ ہی نہیں آیاکہ علی باباکون تھا۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ صدر آصف زرداری کو استثناء سے متعلق میں نے کہا تھا، آج یہ عدالت نے ثابت کردیا، اگر میری قربانی سے ادارے مضبوط ہوئے ہیں تو اچھا ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام میں سندھ کی تقسیم سے متعلق کوئی بات نہیں، پیپلز پارٹی قربانیاں دے کر یہاں پہنچی ہے، کچھ دنوں بعد قوم پرست کوئی نئی بات لے کر آجائیں گے، قوم پرستوں کی ڈوریاں کہیں اور سے ہلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم پرستوں کے پاس کوئی پروگرام نہیں، جو مزدور نواز شریف کے دور میں نکالے گئے تھے انہیں پیپلز پارٹی نے ملازمتیں دیں، اس جلسے میں سب غریب لوگ آئے ہیں، کوئی سرمایہ دار نہیں۔

مزید خبریں :