30 اگست ، 2021
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اتوار کو کابل میں ڈرون حملے میں 10 افغان شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کردیں۔
گزشتہ روز کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش خراسان کے مبینہ خودکش حملہ آور کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا۔
تاہم اب امریکی ڈرون حملے پر افغان میڈیا نے متاثرہ افراد کے رشتے داروں کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق 7 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق امریکی ڈرون حملے میں دو گاڑیاں اور متعدد گھر تباہ ہوئے جبکہ حملے میں شہریوں سے بھری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 2 سالہ بچی بھی شامل ہے، جاں بحق خاندان کے پاس امریکی معاون ویزے تھے اور یہ افغان شہری ائیرپورٹ روانگی کیلئے امریکی حکام کے پیغام کا انتظار کر رہے تھے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کابل حملے میں افغان شہریوں کی ہلاکت پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
بیان کے مطابق اتوار کو کابل میں ڈرون حملے میں 10 افغان شہریوں کی ہلاکت سے آگاہ ہیں اور اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔