Time 29 اگست ، 2021
دنیا

کابل میں امریکی ڈرون حملہ، داعش کا مبینہ خودکش بمبار ہلاک

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی ڈرون حملے میں ایک مبینہ خودکش بمبار ہلاک ہوگیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہےکہ ڈرون حملے میں ایک خودکش بمبار کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی حکام کے مطابق خود کش بمبار کا تعلق داعش خراسان سے تھا  جو کہ کابل ائیرپورٹ پر حملہ کرنے جارہا تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکی حملے میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

کابل ائیرپورٹ کےقریب راکٹ حملے کی بھی اطلاعات

یہ ڈرون حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب کابل ائیرپورٹ کے قریب ایک مکان پر مبینہ راکٹ حملے کی بھی اطلاعات ہیں۔

 اس حوالے سے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز بھی گردش کررہی ہیں جس میں ایک مکان سے دھواں اٹھتا نظر آرہا ہے۔

افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے مکان پر راکٹ حملہ ہوا ہے جس میں ایک بچہ جاں بحق ہوا ہے۔

اس حوالے سے باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہےکہ آیا مذکورہ بالا دونوں اطلاعات ایک ہی واقعے سے متعلق ہیں یا دونوں علیحدہ علیحدہ واقعات ہیں۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل بھی کابل ائیرپورٹ دھماکوں سے گونج اٹھا تھا جس میں 13 امریکی فوجیوں اور 2 برطانوی شہریوں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، ان دھماکوں سے دو روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے حملے کا الرٹ جاری کیا تھا۔

گذشتہ روز بھی امریکا کے صدر جوبائیڈن نے ایک بار پھر کابل ائیرپورٹ پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھاکہ کابل ائیرپورٹ پر 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران نئے حملے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں :