31 اگست ، 2021
امریکا نے افغانستان سے انخلا ڈیڈلائن سے قبل ہی مکمل کیا اور وہاں موجود آخری امریکی فوجی بھی پیر کی رات 12 بجے سے پہلے ہی کابل ائیرپورٹ سے روانہ ہو گئے اور اس طرح امریکا کی 20 سالہ طویل جنگ کا خاتمہ ہوا ۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ' آخری امریکی فوجی دستہ 12 بجے کابل ائیر پورٹ سے چلا گیا ہے اور ہمارے ملک نے اپنی مکمل آزادی حاصل کرلی ہے ، خدا کا شکر ہے'۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے انخلا مکمل ہونے پر طالبان کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور جشن منایا گیا ۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ 'کابل میں فائرنگ کی آوازیں امریکی فوجیوں کے انخلا پر خوشی کا اظہار ہے شہری پریشان نہ ہوں' ۔
اس کے علاوہ سینیئر طالبان رہنما انس حقانی کا کہنا ہے کہ ' طالبان نے تاریخ رقم کردی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان پرامریکا اورنیٹو کا 20 سال کا قبضہ آج ختم ہوگیا، 20 سال کےجہاد،قربانیوں اورسختیوں کےبعدیہ تاریخی لمحات قابل فخرہیں۔