31 اگست ، 2021
وفاقی حکومت نے کورونا ویکسین کیلئے عمر کی حد 17 سال کردی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں کم سے کم 17 سال تک کے نوجوانوں کو اب کورونا کی ویکسین لگائی جائے گی۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی 17 سال تک کےنوجوانوں کو کورونا کی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مزید کم عمر بچوں کو بھی جلد ویکسین لگائی جائے گی۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں بیرون ممالک جانے والے 12 سال اور زائد عمر کے افراد کو کل سے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی، بوسٹر ڈوز لگوانے کے لیے بیرون ممالک جانے کا دستاویزی ثبوت جمع کروانا ہوگا جبکہ ایک بوسٹر شاٹ کی قیمت 1270 روپے ہوگی۔
اس کے علاوہ سندھ میں نویں تا بارہویں جماعت کے طلبہ کو بھی ویکسین لگوانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں یکم ستمبر سے17 سال تک کی عمر کے لوگوں کو فائزر ویکسین لگانے کا سلسلے شروع کیا جارہا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور ، راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں 17 سال تک کی عمر کے لوگوں کو فائزر ویکسین لگائی جائے گی۔
لاہور میں ایکسپو سینٹر اور مینار پاکستان سینٹر پر 17سال کے نوجوانوں کو ویکسین لگائی جائےگی۔ یہ ویکسین ب فارم دیکھ کر ہی لگائی جاسکے گی۔