طالبان کی مخالفت کرتے ہوئے نصیرالدین شاہ بھارتی مسلمانوں پر پھٹ پڑے

ہندوستانی اسلام ہمیشہ دنیا بھر کے اسلام سے مختلف رہا ہے، نصیرالدین شاہ— فوٹو:فائل
ہندوستانی اسلام ہمیشہ دنیا بھر کے اسلام سے مختلف رہا ہے، نصیرالدین شاہ— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے افغانستان میں طالبان کی واپسی پر ان کی حمایت کرنے والے بھارتی مسلمانوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

گزشتہ دنوں طالبان کی جانب سے دارالحکومت کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد بعض بھارتی مسلمانوں نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا تھا جس پر بھارتی حکومت نے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا۔

اب طالبان کے حوالے سے ہی بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے اور طالبان کی حمایت پر بھارتی مسلمانوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں نصیر الدین شاہ کا کہنا تھاکہ طالبان کا دوبارہ حکومت پالینا دنیا کیلئے فکر کا باعث ہے لیکن بھارتی مسلمانوں کا ان ‘وحشیوں’ کی حمایت میں جشن منانا اس سے کم خطرناک نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’آج ہر بھارتی مسلمان کو اپنے آپ سے سوال پوچھنا چاہیے کہ اسے دین میں اصلاح اور جدت پسندی چاہیے یا وحشی پن کا اقدار؟ میں بھارتی مسلمان ہوں جیسا کہ مرزا غالب فرما گئے ہیں ’میرا رشتہ اللہ سے بے حد تکلف ہے اور مجھے سیاسی مذہب کی کوئی ضروت نہیں‘۔

نصیر الدین شاہ کا کہنا تھاکہ ’ہندوستانی اسلام ہمیشہ دنیا بھر کے اسلام سے مختلف رہا ہے، اللہ وہ وقت نہ لائے کہ ہم اسے پہچان بھی نہ سکیں‘۔

ان کے بیان پر بعض سوشل میڈیا صارفین نے خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ متعدد صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مزید خبریں :