01 ستمبر ، 2021
اسلام آباد میں سابق سفارت کارکی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں تھراپی سینٹر (بحالی مرکز)کا مالک بھی مرکزی ملزم ظاہرجعفرکے خلاف مقدمہ درج کرانےکی درخواست لےکر عدالت پہنچ گیا۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان نے تھراپی سینٹر کے مالک طاہر ظہور کی جانب سے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہرجعفرکے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزارکے وکیل شہزاد قریشی نے مؤقف اختیارکیا کہ کوہسار پولیس نے پہلے دن سے ہی ہمارا مؤقف نہیں سنا،ظاہر جعفر نے چھریاں مارکر تھراپی سینٹرکے ملازم کو زخمی کیا اور پولیس نے میرے مؤکل کو ہی ملزم بنا دیا۔
درخواست گزارکا کہنا ہےکہ ظاہر جعفر کے خلاف تھانے میں درخواست بھی دی لیکن پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی، ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کے فون پر ہم جعفر ہاؤس گئے تھے۔
عدالت نے درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے7ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔
خیال رہےکہ تھراپی سینٹر کے مالک طاہر ظہور کا نام بھی نورمقدم قتل کیس میں شامل ہے، ان پر نور مقدم کے قتل کا واقعہ چُھپانےکا الزام ہے اور اس وقت وہ ضمانت پر رہا ہیں۔