02 ستمبر ، 2021
راولپنڈی میں مدرسے کی طالبہ سے مبینہ زیادتی اور تشدد کے کیس میں مرکزی ملزم مفتی شاہنواز کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس نے مدرسے میں طالبہ سے زیادتی کرنے والے عبوری ضمانت پر رہا ملزم مفتی شاہنواز کو گزشتہ روز احاطہ عدالت سے گرفتار کیا تھا۔
پیر ودھائی میں مدرسے کی طالبہ سے زیادتی اور اس پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن عدالت راولپنڈی میں ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نے پولیس کی درخواست پر ملزم مفتی شاہنواز کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ۔
خیال رہےکہ راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں واقع ایک مدرسے میں 16 سالہ طالبہ کو مدرسےکے معلم نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
طالبہ نے الزام عائد کیاکہ ایک خاتون استاد نے بھی ملزم کا ساتھ دیا، اس سے پہلے بھی ایک طالبہ سے زیادتی کی گئی۔
طالبہ پر تشدد اور زیادتی کا مقدمہ 17 اگست کو تھانہ پیر ودھائی میں درج کیا گیا۔