01 ستمبر ، 2021
راولپنڈی: پولیس نے مدرسے میں طالبہ سے زیادتی کرنے والے عبوری ضمانت پر رہا ملزم مفتی شاہنواز کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔
پیر ودھائی میں مدرسے کی طالبہ سے زیادتی اور اس پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن عدالت راولپنڈی میں ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نے پولیس کی درخواست پر ملزم مفتی شاہنواز کو پولیس تحویل میں دینے کا حکم صادر فرمایا جس کے بعد ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم مفتی شاہنواز کو کل علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایس پی زنیرہ اظفر کا کہنا تھا کہ مقدمے کی شریک ملزمہ عشرت حنیف کو عدالت نے التوا دے کر جے آئی ٹی سے تعاون کرنے کا پابند کیا ہے تاہم ملزمہ انویسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔
واقعے کا پس منظر
خیال رہےکہ راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں واقع ایک مدرسے میں 16 سالہ طالبہ کو مدرسےکے معلم نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
طالبہ نے الزام عائد کیاکہ ایک خاتون استاد نے بھی ملزم کا ساتھ دیا، اس سے پہلے بھی ایک طالبہ سے زیادتی کی گئی۔
طالبہ پر تشدد اور زیادتی کا مقدمہ 17 اگست کو تھانہ پیر ودھائی میں درج کیا گیا تاہم متعدد کوششوں کے باجود پولیس ملزم کو گرفتار نہ کرسکی۔آج مرکزی ملزم مفتی شاہ نواز نے ضلعی عدالت میں ضمانت کی درخواست کی جس پر عدالت نے 30 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔