دنیا
Time 03 ستمبر ، 2021

افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے، یورپی یونین

یورپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نےکہا ہےکہ طالبان سے رابطہ کریں گے تاہم افغانستان میں ان کی حکومت تسلیم نہیں کریں گے۔

سلوانیا میں یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے لیے ہمیں طالبان سے رابطہ کرنا ہوگا لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ ان کی حکومت کو تسلیم کررہے ہیں۔

جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ یہ ایک آپریشنل رابطہ ہوگا اور اس طرح کے روابط کے مستقبل کا دارومدار نئی افغان حکومت کے رویے پر ہوگا، اس طرح ہمیں افغان  عوام تک امداد پہنچانے میں مدد ملے گی۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان سےکسی بھی طرح کے رابطے سخت شرائط کی بنیاد پرکیے جائیں گے ، ان شرائط میں افغان سرزمین کو دہشت گردوں کا ٹھکانہ بننے سے روکنا اور خواتین کو حقوق کی فراہمی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کو حکومت میں تمام نسلی اکائیوں کی شمولیت بھی یقینی بنانا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کابل میں اپنی موجودگی قائم کرنا چاہتی ہے تاہم اس کے لیے حالات سازگار اور سکیورٹی کا بہتر ہونا  بھی ضروری ہے۔

مزید خبریں :