05 ستمبر ، 2021
افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں طالبان مخالف قومی مزاحمتی فورس کے سربراہ احمد مسعود نے جنگ روکنے کی مشروط پیشکش کردی۔
سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود وادی پنجشیر میں مزاحمتی فورس کی قیادت کررہے ہیں۔
گزشتہ کئی روز سے پنجشیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس کے درمیان جنگ جاری ہے جبکہ طالبان کی جانب سے آج صوبے کے تمام اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اب ایسے میں احمد مسعود نے بھی طالبان سے بات چیت کا عندیہ دیا ہے۔ اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے جاری بیان میں احمد مسعود کا کہنا تھاکہ مزاحمتی فورس افغان علما کے بیان کا خیرمقدم کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پنجشیر میں لڑائی ختم کرکے بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں، پائیدار امن کیلئے طالبان حملے رُکنےکی شرط پرہم بھی لڑائی روکنے کو تیار ہیں۔
احمد مسعود کا کہنا تھاکہ طالبان پنجشیر اور ضلع اندراب میں حملے اور کارروائیاں ختم کردیں تو ہم بھی لڑائی روک دیں گے اور مذاکرات کریں گے۔
دوسری جانب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں علمائے کرام کا اجلاس ہوا جس میں طالبان اور مزاحمتی فورس سے فوری جنگ بندی اورمذاکرات کی اپیل کی گئی۔