07 ستمبر ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ورلڈ کپ کیلئے منتخب کیے گئے قومی اسکواڈ سے مطمئن نہیں جبکہ ہیڈ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہونے والے مصباح الحق نے بھی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی تشکیل میں مشاورت نہ کرنے پر پی سی بی سے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے انتخاب سے خوش نہیں ہیں، کپتان کو اعظم خان اور صہیب مقصود کی ٹیم میں شمولیت پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے مشاورت کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرلیا جبکہ بابر اعظم فہیم اشرف اور فخر زمان کو اسکواڈ میں شامل کرنے کے حامی تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے بابر اعظم نے رمیز راجہ کو دو مرتبہ فون کیا، رمیز راجہ نے کپتان کی بات ضرور سنی لیکن انہیں پیغام دیا گیا کہ زیادہ فوکس کھیل پر رکھیں، کھلاڑیوں کو ان آؤٹ کروانے پر توجہ کم کریں۔