08 ستمبر ، 2021
لاہور میں چنگچی پر خاتون سے نازیبا حرکت کرنے کے کیس میں متاثرہ خاتون نے ویڈیو بنانے والے4 ملزمان کو شناخت کر لیا تاہم کیس کا مرکزی ملزم اب تک گرفتار نہ ہو سکا۔
رکشا سوار متاثرہ خاتون نے چاروں ملزمان عثمان، عرفان، عبدالرحمان اور ساجد کو کیمپ جیل لاہور میں شناخت کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے رکشا سوار خواتین کی ویڈیو بناتے ہوئے ہراساں کیا تھا۔
پولیس کے مطابق شناخت پریڈ کی رپورٹ مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرائی جائے گی جس کے بعد ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کیلئے طلب کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چنگچی میں بیٹھی لڑکی سے اوباش نوجوان نے نازیبا حرکت کی تھی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 14 اگست کو سرکلر روڈ پر پیش آیا تھا اور ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد 21 اگست کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔