لاہور: رکشہ سوار خاتون سے گھناؤنی حرکت کرنے کے الزام میں 2 افراد زیر حراست

لاہور  میں گریٹر  اقبال پارک کے قریب موٹر سائیکل رکشے میں لڑکی سے اوباش نوجوان کی بدتمیزی کے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

لڑکی کا پتہ نہ چلنے پر واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانا لاری اڈا کی مدعیت میں درج کیا گیا تاہم گرفتار ملزمان کی شناخت ظاہر  نہیں کی گئی ہے۔

مقدمے میں 354 اور  509 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جو  ہراسگی اور دست درازی جیسے جرائم پر مشتمل ہیں۔

دوچار لوگ نشان عبرت بنیں گے تو والدین کے ساتھ اولاد بھی سوچے گی: فیاض چوہان

پنجاب حکومت کے ترجمان اور  وزیر  جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رکشے والے واقعے میں بظاہر  لڑکے کی شکل نظر نہیں آئی تاہم سی سی ٹی وی کیمروں سے لڑکے کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا دو چار لوگ نشان عبرت بنیں گے تو ماں باپ کے ساتھ اولاد بھی سوچے گی اور اس طرح کے شیطان غلط حرکت کرنے سے پہلے 100 بار سوچیں گے، بچوں اوربچیوں سے جو بھی زیادتی کرے گا وہ بچ نہیں سکے گا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کا کہنا ہےکہ ٹک ٹاکر  اسٹار عائشہ اکرم سے پیش آنے والے واقعے میں اب تک 66 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے جبکہ دیگر ملزموں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

پولیس نے عائشہ اکرم کے ساتھی ریمبو کا بھی میڈیکل کروا لیا ہے، عائشہ اور  ریمبو زیرِ حراست ملزموں کی شناخت کریں گے۔

ادھر 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات مینار پاکستان گراؤنڈ میں موٹرسائیکل کو آگ لگانے اور توڑ  پھوڑ کے واقعے میں مقدمہ درج ہونے کے باوجود تاحال کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔

مزید خبریں :