Time 09 ستمبر ، 2021
دنیا

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات :جانوروں کی چونچیں ، کان اور دم بڑے ہونے لگے

موسمیاتی تبدیلی انسانوں  کے ساتھ ساتھ اب ممکنہ طور پر جانوروں پر بھی اثر انداز ہونے لگی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، عالمی درجہ حرارت میں اضافہ برداشت کرنے کے لیے ممکنہ طور پر گرم خون والے کئی جانور اپنی ہئیت تبدیل کرنے لگے ہیں۔

اس تبدیلی کے پیش نظر ،آسٹریلوی طوطوں سے لے کر یورپی خرگوش اور امریکی پرندوں تک،کہیں کسی جانور کی چونچیں بڑی ہونے لگیں تو کہیں کسی کے کان یا دُم بڑے ہونے لگے ہیں جن کی مدد سے وہ اپنے جسم کے درجہ حرارت کو ریگولیٹ کرتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق 30 جانوروں میں سب سے زیادہ جسمانی تبدیلیاں دیکھی گئیں جن میں آسٹریلوی طوطے سب سے نمایاں ہیں۔ ان طوطوں کی چونچ 1871 کے بعد سے اب تک 4 سے 10 فیصد  تک بڑھ چکی ہیں۔

ان تبدیلیوں کے حوالے سے  سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ اس ارتقائی تبدیلی کے حیاتیاتی نتائج کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے، جانور اپنی ہئیت تبدیل کررہے ہیں لیکن ایسا صرف موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہورہا ہے یہ ضروری نہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق یہ بھی نہیں کہا جاسکتا کہ ہئیت میں ہونے والی اس تبدیلی سے جانوروں کو بقا حاصل ہو بھی رہی ہے یا نہیں لہٰذا اس تبدیلی کو مثبت نہیں بلکہ خطرے کی گھنٹی سمجھنا چاہیے کہ موسمیاتی تبدیلی اتنے مختصر عرصے میں جانوروں کو جسمانی تبدیلی پر مجبور کررہی ہے۔ 

مزید خبریں :