09 ستمبر ، 2021
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے طالبان کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی پی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ثقافتی اور مذہبی چیلنجز کے باوجود آئی سی سی طویل بنیادوں پر خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ کونسل افغانستان میں بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی کرکٹ باڈی کو افغانستان میں خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں پر تشویش ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس معاملے کو گورننگ باڈی کے آئندہ اجلاس میں بھی اٹھائے گی جس میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ افغان ثقافتی کمیشن کے سربراہ احمد اللہ واثق نے آسٹریلین میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کو کرکٹ سمیت کسی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیں گے جس میں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہ ہو۔
احمد اللہ واثق کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی ضروری ہے، مخالفین کے ردعمل کی وجہ سے اسلامی اقدار کو پامال نہیں کریں گے۔