09 ستمبر ، 2021
کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر، ڈپٹی انسپکٹر جنرل ڈرائیونگ لائسنسنگ سندھ منیر احمد شیخ نے ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں2 شفٹیں بنانے کے احکامات جاری کردیے ۔
ذرائع کے مطابق، ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں 2 شفٹیں متعارف کروادی گئی ہیں جس کے بعد اب برانچز میں رات 8 بجے تک کام ہوگا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی منیر شیخ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں مشکل پیش آ رہی تھی جس بنا پر سندھ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں 2شفٹیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
منیر احمد شیخ کے مطابق، پہلی شفٹ صبح 9 بجے سے دن 2 بجے تک ہوگی جبکہ دوسری شفٹ دن 3 بجے کام شروع کرے گی اور ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا عمل رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔
ڈی آئی جی منیر احمد شیخ نے بتایا کہ لائسنس بنوانے کے خواہش مند خواتین و حضرات ایک دن پہلے گوگل یا موبائل فون ایپ کے ذریعے وقت کی بکنگ کروا لیں، شہری سندھ بھر میں اپنی منتخب کردہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں نئے لائسنس بنوانے یا پہلے سے بنے ہوئے لائسنس کی تجدید کے لیے اپنی منتخب شدہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ جاکر لائسنس بنوائیں۔
منیر شیخ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ لائسنس برانچ میں 2 شفٹیں کرنے کے عمل سے شہریوں کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا خاص طور پر نوکری پیشہ یا فیکٹریوں میں کام کرنے والے شہری بھی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس برانچ پہنچ کر اپنے لائسنس آسانی سے بنوا سکیں گے۔