Time 10 ستمبر ، 2021
پاکستان

الیکشن کمیشن پر الزام شرمناک ہے، پی پی کا حکومت سے معافی مانگنے کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی کی جانب سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اعظم سواتی کی جانب سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ایک آئینی ادارے الیکشن کمیشن پر پیسے پکڑنے کا الزام شرمناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے اختلاف رائے رکھنے والوں پر گھٹیا الزام لگانے کا گھناؤنا وطیرہ اختیار کر رکھا ہے۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر الیکشن کمیشن کے جائز اعتراضات کا جواب نہیں تھا تو الزام لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر ای سی پی کی ساکھ بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی میں لگائے گئے الزامات کا حکومت کو ثبوت پیش کرنا ہو گا، حکومت ثبوت سامنے لائے یا پھر ای سی پی، پارلیمانی کمیٹی اور قوم سے معافی مانگے۔

یاد رہے کہ سینیٹ کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر  اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔

اعظم سواتی کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔ 

مزید خبریں :