10 ستمبر ، 2021
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان کا کہنا ہے کہ اعظم خان سواتی نے صدر عارف علوی کے سامنے الیکشن کمیشن اراکین کو دھمکیاں دیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔
اعظم سواتی کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اعظم سواتی کی جانب سے الیکشن کمیشن حکام کو دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس رویے کو ریاست مخالف اور دہشتگردانہ قرار دیا تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی حکومت کے الزامات کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت آئینی ادارے پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش کرے ورنہ پارلیمانی کمیٹی، الیکشن کمیشن اور قوم سے معافی مانگے۔
اب مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے الیکشن کمیشن کے ارکان کو ایوان صدر میں دھمکیاں دیں۔
لیگی سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے مزید کہا کہ یہ سارا معاملہ ایوان صدر میں کل ہوا، اعظم سواتی کی جانب سے صدر عارف علوی کے سامنے دھمکیاں دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن اراکین کا ساتھ دینے کے بجائے ای سی پی نمائندوں سے پوچھا کہ استعفیٰ کب دیں گے؟