پاکستان
Time 10 ستمبر ، 2021

اے آئی جی موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی

راولپنڈی میں فتح جنگ انٹرچینج کے مقام پر ایڈیشنل انسپکٹرجنرل (اے آئی جی) موٹروے سجاد افضل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔

فتح جنگ انٹرچینج کے مقام پر گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ایڈیشنل آئی جی سجاد افضل آفریدی زخمی اور ان کے بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹول پلازہ پر ایک گاڑی کھڑی ہوئی تھی، پیچھے ملزمان کی گاڑی پہنچی اور اس کے پیچھے تعاقب کرنے والی ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی رکتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی اور آگے کھڑی گاڑی کو سائیڈ مار کر فرار ہوگئے۔

خیال رہے کہ واقعے کے حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھاکہ اے آئی جی سجاد افضل آفریدی ایم ون پر مشکوک گاڑی کا پیچھا کررہے تھے کہ اس دوران ان پر فائرنگ کی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ ایڈیشنل آئی جی کے چھوٹے بھائی نعمان جاں بحق ہوگئے اور پی اے ایس افسر تھے جبکہ اے آئی جی بھی زخمی ہوگئے جنہیں دو گولیاں لگی ہیں۔

مزید خبریں :